اسلام آباد(سحر پاکستان آن لائن ) گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی جبکہ پٹرول کی پرائس کوبرقرار رکھا گیاہے ، تاہم اب پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسز ، لیوی اور ڈیوٹیز کی بھرمار کی تفصیلی رپورٹ منظر عام پر آ گئی ہے جسے جان کر پاکستانیوں کے ہوش یقینا اڑ جائیں گے ۔
نجی ٹی وی ڈان نیوزکی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت پر 55.04 روپے ،ہائی سپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر پر 58.29 روپے ، مٹی کے تیل کی فی لیٹر پر 24 روپے 73 پیسے ، لائٹ ڈیزل پر فی لیوٹر 20.56 روپے لیوی ، ٹیکس اور ڈیوٹیز لاگو کی گئی ہیں ۔دستاویزات کے مطابق پٹرول کی فی لیٹرقیمت خرید 48.93 بنتی ہے اور اس وقت پٹرول کی قیمت فروخت 103 روپے 97 پیسے مقرر ہے ۔ ڈیزل کی قیمت خرید 45 روپے 77 پیسے بنتی ہے جبکہ قیمت فروخت 104 روپے 6 پیسے مقرر ہے ،مٹی کے تیل کی قیمت خرید 40 روپے 56 پیسے ہے اور قیمت فروخت 65 روپے 29 پیسے ہے ،لائٹ ڈیزل کی قیمت خرید 42.30 روپے جبکہ فروخت 62.86 روپے ہے ۔
دستاویزات کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر پر لیوی بڑھا کر 30 روپے کر دی گئی ہے ،ہائی سپیڈ ٹیزل پر 15.12 روپے سیلز ٹیکس الگ سے نافذ ہے ،ہائی سپیڈ ڈیزل کے فی لیٹر پر تین روپے 12 پیسے ڈیلر کمیشن لاگو ہے ،ہائی سپیڈ ڈیزل پر او ایم سی مارجن 2.81 روپے اور ان لینڈ فریٹ مارجن 96 پیسے وصول کیا جارہاہے ۔
پٹرول کی فی لیٹر قیمت پر 27.32 روپے لیوی لاگو ہے ، 15.11 روپے سیلز ٹیکس الگ سے عائد ہے جبکہ پٹرول کے فی لیٹر پر تین روپے 70 پیسے ڈیلر کمیشن وصول کیا جارہاہے اس کے علاوہ پٹرول پر او ایم سی مارجن 2 روپے 81 پیسے لیا جارہاہے اورفی لیٹر پر ان لینڈ فریٹ مارجن 3.53 روپے عائد ہے ۔پٹرول کے فی لیٹر پر کسٹمز ڈیوٹی 2.57 روپے نافذ ہے ۔
دستاویزات میں بتایا گیاہے کہ مٹی کے تیل پر فی لیٹر 11.43 روپے ، 9.49 روپے سیلز ٹیکس عائد ہے ۔ لائٹ ڈیزل کے فی لیٹر پر 8.44 روپے پٹرولیم لیوی لاگو ہے اور 9.13 روپے سیلز ٹیکس الگ سے عائد ہے ۔
یاد رہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اکتوبر سے ڈیزل 2 روپے 40 پیسے سستاکردیاگیا ہے۔ڈیزل کی نئی قیمت 104روپے 6 پیسےفی لیٹرمقرر کی گئی ہے جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 62 روپے 86 پیسےفی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 103روپے 97 پیسے پر برقرار ہے اور مٹی کے تیل کی قیمت بھی 65 روپے 29 پیسے ہی رہے گی۔
آپنی رائے درج کریں
کمنٹ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔